جہلم( بیورورپورٹ)جہلم عیدالاضحیٰ کی آمد، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث چھوٹے تاجروں کو مشکلات کا سامنا، شہر کے مختلف بازاروں کے دکانداروں نے رات 8 بجے کارروبار بند کرنے کے شیڈول میں نرمی کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق شہر کےتاجروں کا کہنا ہے کہ عید الاضحی بالکل قریب ہے خریدار عموماً شام پانچ بجے کے بعد گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور ساڑھے سات بجے دکاندار دکانیں بند کردیتے ہیں ، گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث دن بھر کارروبار نہ ہونے کے برابر رہتا ہے، ایسے میں رات آٹھ بجے دکانیں بند کرنے سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے،تاجروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں دکانوں کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے جبکہ مہنگائی کے اس پر فتن دور میں گھریلو کفالت ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، حکومت توانائی بچانے کے لئے ایسی پالیسی مرتب کرے کہ توانائی بھی بچے اور کاروبار بھی چلیں، تاجروں کے مطابق شہری زیادہ تر شام اور رات کے اوقات میں خریداری کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن مقررہ وقت سے قبل دکانیں بند ہونے سے نہ صرف صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ تاجروں کا کاروبار بھی شدیدمتاثر ہو رہا ہے،
