عالمی تھیلیسیمیا دن کے موقع پر آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا

Spread the love

جنڈ ( الطاف طاہر بیورو چیف)عالمی تھیلیسیمیا دن کے موقع پر آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اظہر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اٹک نے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے اٹک تھیلیسیمیا سینٹر کے لیے ایک ملین روپے کا چیک ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کے حوالے کیا تاکہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی بہتر نگہداشت، علاج معالجہ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب میں میجر جنرل (ر) صہیب احمد ہلال امتیاز (ملٹری)، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر جواد الٰہی، لیگ آف ہیومن ویلفیئر کے صدر و انچارج تھیلیسیمیا سینٹر پروفیسر ڈاکٹر مقصود الٰہی، پرنسپل نرسنگ کالج اٹک نویدہ اقبال، تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچے، ان کے والدین، ڈاکٹرز، نرسز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا کہ عالمی تھیلیسیمیا دن منانے کا مقصد عوام میں اس بیماری کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا اور متاثرہ بچوں و خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے.انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک موروثی مرض ہے جس سے بچاؤ بروقت ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور والدین پر زور دیا کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ ضرور کروائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ بنایا جا سکے۔
میجر جنرل (ر) صہیب احمد ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے اپنے خطاب میں کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خصوصی توجہ، محبت اور مستقل طبی سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو ان بچوں کی مدد اور خون عطیہ کرنے کے عمل میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل نے کہا کہ محکمہ صحت تھیلیسیمیا کی روک تھام اور متاثرہ بچوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہمات کے ذریعے عوام کو بیماری کی وجوہات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جواد الٰہی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو علاج معالجہ اور خون کی فراہمی کیلئے خصوصی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تھیلیسیمیا کے بچوں کی معاونت کیلئے آگے آئیں۔

تقریب کے دوران تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء کو بیماری سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ آخر میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی صحت و تندرستی اور ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں