جہلم (بیورو رپورٹ) جہلم
ریلوے کالونی کے مکینوں نے بڑھتے ہوئے مسائل اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن کو تحریری درخواست دے دی، جس میں کالونی کے حالات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہےتفصیلات کے مطابق اہلیانِ ریلوے کالونی کا کہنا ہے کہ کالونی میں پہلے ہی درجنوں سرکاری مکانات خالی پڑے ہیں، جن کی عدم دیکھ بھال کے باعث وہ نشئیوں اور جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ ان خالی گھروں کی موجودگی نے نہ صرف امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا ہے بلکہ ریلوے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی زندگی کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہےمکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مزید آباد مکانات کو خالی کرایا گیا تو صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی اور پورا علاقہ جرائم کا گڑھ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ماحول میں ریلوے ملازمین کے لیے اپنی ذمہ داریاں سکون اور یکسوئی سے ادا کرنا ممکن نہیں رہا، کیونکہ ان کے گھروں کا تحفظ داؤ پر لگا ہوا ہے۔
اہلیانِ کالونی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پہلے سے خالی مکانات کی مناسب نگرانی اور بحالی کے بجائے مزید گھروں کو خالی کرانے کا فیصلہ نہ صرف غیر دانشمندانہ ہوگا بلکہ اس سے رہائش کا بحران بھی پیدا ہوگا، جس کے اثرات براہِ راست ملازمین کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر پڑیں گےمکینوں نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرِ ثانی کریں اور خالی مکانات کو نشئیوں سے پاک کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائیں، تاکہ کالونی میں امن بحال ہو سکے اور ریلوے ملازمین اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ محفوظ ماحول میں زندگی گزار سکیں اہلیانِ ریلوے کالونی کا کہنا ہے کہ بروقت اقدام نہ کیا گیا تو مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں، جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی،
