حصیل جنڈ میں خودکش حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری محمد لیاقت علی شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن اٹک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

Spread the love

جنڈ ( الطاف طاہر بیورو چیف)ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں خودکش حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر شہری محمد لیاقت علی شہید کی نماز جنازہ پولیس لائن اٹک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان کمڑیال، ریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان،اےڈی سی جی انیل سعید،سابق صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر حامد، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، شہید کے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف نے پڑھائی۔ اس موقع پر شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ شرکاء کی جانب سے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہید کے درجات کی بلندی، ملک پاکستان کی سلامتی، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد لیاقت علی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر انسانیت، امن اور وطن عزیز کے تحفظ کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر شرکاء نے شہید محمد لیاقت علی کی جرات و بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہادر لوگ قوم کا سرمایہ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بے گناہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں