*اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)* نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (NPF) سیکٹر O-9 کے رہائشیوں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سوسائٹی میں جاری پانی کے شدید بحران، انتظامیہ کی مبینہ بے حسی اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تمام بلاکس کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انتظامیہ کو مسائل کے حل کے لیے 15 دن کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور احمد نے کہا کہ سوسائٹی میں پانی کی قلت اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لوگ مہنگے داموں آلودہ پانی کے ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں، جو مختلف بیماریوں کا موجب بن رہا ہے۔ خرم نصیب نے انتظامیہ کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ آفس کے عملے کا جارحانہ رویہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے جبکہ ڈاکٹر جاوید نے ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن و آئی جی اسلام آباد سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ رہائشیوں کے مطابق گھروں میں پانی کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، بعض علاقوں میں ہفتے میں صرف ایک مرتبہ چند منٹوں کے لیے پانی آتا ہے جبکہ بلاک بی سمیت کچھ علاقوں میں باقاعدہ سپلائی کا نظام ہی موجود نہیں۔ مزید برآں ٹینکرز کی قیمتوں میں 50 فیصد تک ظالمانہ اضافہ کر دیا گیا ہے اور صرف ایک یا دو ٹینکرز کے سہارے پوری سوسائٹی کو اذیت کا شکار بنا دیا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ گرین بیلٹس کو کمرشل پلازوں میں تبدیل کرنے اور غیر قانونی تعمیرات نے سوسائٹی کے انفراسٹرکچر، بجلی اور گیس کے نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ اس موقع پر رہائشیوں نے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی طرز پر یہاں بھی ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے تاکہ سوسائٹی کے وسائل کو بچایا جا سکے۔ شرکاء نے بیوہ خواتین اور بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر 15 دن میں پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو دفاتر کے سامنے پُرامن احتجاج اور دیگر قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ اس بحران کا مستقل حل یہی ہے کہ یا تو کالونی کو سی ڈی اے کے حوالے کیا جائے یا اسے ایک خودمختار کوآپریٹو ادارہ بنایا جائے کیونکہ ٹرسٹ ایکٹ کے تحت چلنے والا یہ ادارہ انتظامی لحاظ سے ناکام ہو چکا ہے۔
