دار ارقم اسکولز کے ریجنل ڈائریکٹر صابر حسین بٹ نے کہا ہے کہ جدید علوم کے ساتھ مذہبی تعلیم کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے

Spread the love

وزیرآباد:(نامہ نگار) دار ارقم اسکولز کے ریجنل ڈائریکٹر صابر حسین بٹ نے کہا ہے کہ جدید علوم کے ساتھ مذہبی تعلیم کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دار ارقم اسکولز ملک بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی دینی و اخلاقی تربیت میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں وہ دارارقم اسکولز الہ آباد کیمپس کے سالانہ پروگرام میں طلبا و طالبات کو تقسیم انعامات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر ڈائریکٹر دارارقم اسکول الہ آباد طلال صابر بٹ بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ آنے والا دور سائنس، ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور ہے، لہٰذا نئی نسل کو جدید علوم اور فنون سے آراستہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ دار ارقم اسکولز طلبہ کو جدید سائنسی اور ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کرا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھ سکے۔صابر حسین بٹ کا کہنا تھا کہ صرف دنیاوی تعلیم کافی نہیں بلکہ طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت اور دینی شعور بھی انتہائی ضروری ہے۔ دار ارقم اسکولز اسی وژن کے تحت پاکستان بھر میں اپنی تعلیمی قابلیت اور بہترین نتائج کی بدولت ایک معتبر تعلیمی ادارے کے طور پر پہچان بنا چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کا مقصد ایسی نسل تیار کرنا ہے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ اسلامی اقدار کی بھی امین ہو اور ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں