
جلالپورجٹاں (رپورٹ مرزا طارق محمود UG نیوز) سابق صدر مرکزی انجمن تاجران و چیئرمین امن کمیٹی تھانہ سٹی جلالپورجٹاں میر فہیم اقبال نے مرزا افضال بیگ کی وساطت سے اپنی ٹیم کے ہمراہ پولیس لائن گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران سے اہم ملاقاتیں کیں۔ وفد میں ملک اقبال اور مرزا مبین بھی شامل تھے۔
دورے کے دوران ڈی ایس پی پولیس لائن نعیم گجر، آر آئی سلیم رضا اور ڈی ایس پی انویسٹیگیشن طارق جاوید کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعاون، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر شہداء پولیس کے اعزاز میں عملی اقدامات جلد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
میر فہیم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا سرمایہ اور فخر ہیں، جنہوں نے امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے۔
