

جہلم (بلال رضا) پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی فروغِ صحت پروگرام کے تحت تین روزہ چیف منسٹر سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا آغاز، مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی نے افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر، ایم ایس ڈاکٹر محمد زاہد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی نے ہیلتھ سکریننگ کیمپ کے مختلف کاؤنٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، بیماریوں کی تشخیص، علاج معالجہ اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کیمپ میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مرد و خواتین کیلئے مزید کاؤنٹرز قائم کئے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ حکومت پنجاب کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جس کا مقصد عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور بروقت تشخیص و علاج کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فروغِ صحت پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
بعدازاں مشیر صحت پنجاب جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی نے جہلم میں قائم جدید کیتھ لیب کا بھی تفصیلی دورہ کیا، اینجیوگرافی کے عمل کا جائزہ لیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے طبی سہولیات، جدید طبی آلات اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صحت کے شعبے میں مزید بہتری کیلئے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
