

ملک بشیر احمد مندوانی بیو رو چیف سبی بلوچستان
ایثار اسلامک فاؤنڈیشن کے بانی سلطان خان موسیٰ خیل نے سبی ڈویژن کے ایک پسماندہ دیہات یونین کونسل سانگان سے تعلق رکھنے والے نوجوان رفیع اللہ ولد محمد شریف کی شاندار کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفیع اللہ نے اپنی محنت، صلاحیت اور عزم سے نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے بلوچستان کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ کا تعلق ایک انتہائی غریب خاندان سے ہے لیکن تمام مشکلات کے باوجود انہوں نے بلوچستان یوتھ انٹرپرینورشپ اینڈ سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت بزنس آئیڈیاز کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے یہ ثابت کردیا کہ اگر نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔
سلطان خان موسیٰ خیل نے کہا کہ رفیع اللہ نے غریب خاندانوں کے لئے بجلی کے بغیر ہینڈل سے چلنے والی واشنگ مشین متعارف کراکے ایک بہترین اور قابلِ تحسین مثال قائم کی ہے، جسے تقریب میں موجود ججز اور حاضرین نے بے حد سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں اور حکومت سمیت تمام اداروں کو چاہئے کہ وہ ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی جانب سے نقد انعام، ٹرافی اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینا نوجوانوں کے لئے ایک مثبت پیغام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رفیع اللہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے صوبے اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے
