
جہلم (بلال رضا) دریائے جہلم کے کنارے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاری، باہمی رابطہ کاری اور ریسکیو اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ مشق کے دوران مختلف ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے عملی مظاہرے پیش کیے گئے۔

فرضی مشق کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم سنیہ صافی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، چیف آفیسر ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے کی۔ متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے ریسکیو، انخلاء اور ابتدائی طبی امداد کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ کیا۔
مشق کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے دریا میں ممکنہ حادثات، ڈوبنے کے واقعات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت کارروائی اور ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔ افسران نے اداروں کے درمیان مربوط رابطے اور فوری رسپانس کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے کہا کہ اس قسم کی فرضی مشقوں کا مقصد اداروں کی استعداد کار کو بہتر بنانا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے۔
