
اسلام میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی بڑی اہمیت ہے۔ یہ سنتِ ابراہیمی نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرے میں ایثار، محبت اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتی ہے۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کچھ ایسے مخیر اور دردِ دل رکھنے والے افراد بھی موجود ہیں جو عیدالاضحیٰ کے دنوں میں قربانی کا گوشت اکٹھا کرکے ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ اس خدمت کا بنیادی مقصد ان لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچانا ہے جو مالی مشکلات کی وجہ سے خود قربانی نہیں کر سکتے یا گوشت خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

یہ رضاکار مختلف علاقوں سے قربانی کا گوشت جمع کرتے ہیں اور پھر اسے عزت و احترام کے ساتھ مستحق افراد، بزرگوں، بیواؤں، بے روزگار افراد اور ضرورت مند خاندانوں تک پہنچاتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف غرباء کی مدد ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور انسانیت کا جذبہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔
اس فلاحی کام میں حصہ لینے والے افراد میں Athar، Zubair، Imran، Omar، Sumera، Asima، Husaam، Umair، Imam، Musa، Hashim، Salahuddin، Yusuf، Majid اور Zahid شامل ہیں، جو ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت یہ خدمت انجام دیتے ہیں۔
اوپن کچن مانچسٹر کے سی سی او محمد شہزاد علی مرزا نے اطہر بھائی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت اچھا اور قابلِ تحسین کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال قربانی کے گوشت کا ایک حصہ اوپن کچن مانچسٹر کو بھی دیا جاتا ہے، جو بعد ازاں ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
محمد شہزاد علی مرزا کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ سے پہلے ہی لوگ گوشت کے حوالے سے رابطہ کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت سے خاندان قربانی کے گوشت کے منتظر ہوتے ہیں اور انہیں اس کی حقیقی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوپن کچن مانچسٹر کی پوری ٹیم، تمام والنٹیئرز اور ڈونرز اس کارِ خیر میں تعاون کرنے والوں کے لیے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں مزید لوگ اس خدمتِ انسانیت میں حصہ لیں گے تاکہ کوئی بھی ضرورت مند عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے۔
