
جہلم (بلال رضا): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی میجر سرجری کے بعد جہاں پورے صوبے سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں، وہیں آج ڈویژنل انچارج وزیراعلیٰ اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ چودھری سعید ارشد نے اپنے ڈیرے پر ایک خصوصی اجتماعی دعا کا اہتمام کیا اور بکرے کا صدقہ دیا۔

یاد رہے کہ آج سے دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک بڑی سرجری ہوئی تھی، جس کے بعد وہ اسپتال میں ریکوری کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔ ان کی طبیعت کے بارے میں مثبت پیش رفت رپورٹ کی گئی ہے تاہم ڈاکٹروں نے چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔
چودھری سعید ارشد کے زیر اہتمام ڈیرے پر ہونے والی اس روحانی تقریب میں علاقہ بھر سے تعلق رکھنے والے سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل از نماز ظہر منعقد ہونے والی اس اجتماعی دعا میں ملکی سلامتی اور ترقی کے ساتھ ساتھ بالخصوص وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی صحت یابی اور درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ دعا کے اختتام پر شرکاء نے ملک دشمن عناصر کے خلاف اتحاد و یکجہتی کا عہد بھی دہرایا۔
اجتماعی دعا کے بعد چودھری سعید ارشد نے محترمہ مریم نواز شریف کی صحتیابی کی منت کے طور پر بکرے کا صدقہ دیا۔ صدقے کا تمام گوشت ضرورت مندوں، مستحقین اور مساکین میں تقسیم کر دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سعید ارشد نے کہا کہ محترمہ مریم نواز شریف قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی دور اندیش قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جلد صحتیابی ہماری اجتماعی دعا ہے، اللہ تعالیٰ انہیں کامل صحت عطا فرمائے تاکہ وہ دوبارہ عوامی خدمت کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا یہ اجتماعی دعا اور صدقہ محض ایک رسم نہیں بلکہ ان سے بے پناہ عقیدت و محبت کا اظہار ہے۔
اجتماعی دعا میں شریک افراد نے بھی وزیراعلیٰ کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں اپنی قیادت کے ساتھ کھڑی ہے۔
