جہلم (بلال رضا) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق جانچ پڑتال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مختلف کیسز زیر غور آئے جن میں رہائشی مکانات، کمرشل پلازوں اور دیگر تعمیراتی نقشہ جات کی منظوری سے متعلق درخواستوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ محکموں نے ہر کیس کے تکنیکی پہلوؤں، قواعد کی پاسداری اور بلڈنگ بائی لاز کے مطابق صورتحال پر بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ہدایت کی کہ تمام نقشہ جات کی منظوری مکمل شفافیت، میرٹ اور بلڈنگ بائی لاز کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا قواعد سے ہٹ کر نقشہ کی منظوری ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی منصوبہ بندی، سڑکوں کی کشادگی اور محفوظ تعمیرات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام درخواستوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔
اجلاس کے دوران مختلف رہائشی اور کمرشل نقشہ جات کی منظوری، اصلاح اور بعض کیسز میں ضروری ترامیم کی سفارشات بھی منظور کی گئیں۔
