جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری انتظامی، ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بریفنگ دی جبکہ مقررہ اہداف کے حصول اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کو اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، سروے سرگرمیوں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا سے متعلق پیش رفت بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھی۔ اس موقع پر درخواستوں کی پراسیسنگ، عوامی سہولت مراکز کی کارکردگی اور شفاف سروس ڈلیوری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ متعلقہ محکموں کو اس عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں واسا جہلم کے امور، خصوصاً مین ہولز اور نکاسی آب کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کھلے اور غیر محفوظ مین ہولز کو فوری طور پر کور کیا جائے، نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور مون سون سیزن کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلع بھر میں جاری بیوٹیفیکیشن سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مرکزی شاہراہوں، بازاروں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیرا فورس کی جانب سے کفایت شعاری مہم کے تحت کیے جانے والے انفورسمنٹ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومتی نوٹیفکیشنز، کاروباری اوقات کار اور توانائی بچت سے متعلق اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پیرا فورس کی فیلڈ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کی کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری اور جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
