ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امام بارگاہ زینبیہ سے بیت العباس تک مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امام بارگاہ زینبیہ سے بیت العباس تک مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ امسال ضلع جہلم میں 700 سے زائد مجالس منعقد ہوں گی اور 160 کے قریب چھوٹے بڑے جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ انتظامیہ نے ان تمام تقریبات اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی، سڑکوں کی مرمت اور لٹکتی تاروں کو درست کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دیں۔
​سیکیورٹی افسران نے بریفنگ دی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور بھاری پولیس نفری کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ذیلی راستوں کو سیل کر کے صرف مخصوص پوائنٹس سے داخلے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امن کمیٹی و علمائے کرام کے تعاون سے بھائی چارے کی فضا قائم رکھی جائے گی۔ میونسپل کمیٹی، واپڈا اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ رہنے اور تمام انتظامات وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں