چیئرمین سینیٹ و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جہلم آمد، عرس مبارک پیر پشاوری میں شرکت
پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، کشمیری عوام آزادی سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں: میڈیا سے گفتگو
جہلم (بلال رضا)






سالانہ عرس مبارک پیر سید قاسم علی شاہ کرمانیؒ و پیر سید شبیر علی شاہ کرمانیؒ المعروف “پیر پشاوری” کے بابرکت موقع پر چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر اعظم پاکستان، جناب سید یوسف رضا گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ جہلم آمد پر عرس پاک کے سجادہ نشین پیر سید امیر حمزہ کرمانی اور علاقے کے دیگر معززین نے معزز مہمان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔
عرس کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی و بین الاقوامی صورتحال، بجٹ اور آزاد کشمیر کے سیاسی امور پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
کشمیر اور تنظیمی امور
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے جمہوریت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور ہمارا موقف واضح ہے کہ کشمیری عوام کو آزادی کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک تاریخی منشور ہے جس سے کشمیری عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بجٹ کے فوراً بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کا تفصیلی دورہ کریں گے، جہاں آزاد کشمیر میں پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی۔
بین الاقوامی صورتحال اور ملکی چیلنجز
امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا:
”امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی حالات کے باعث ملک اس وقت گھمبیر صورتحال سے دوچار ہے، تاہم حکومت اور ملٹری لیڈر شپ کی پوری کوشش ہے کہ ملکی حالات کو بہتر بنایا جائے۔ امید ہے کہ ایران اور امریکہ کے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔”
بجٹ اور عوامی ریلیف
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجٹ کی صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگی اور مشکل ترین صورتحال کے باوجود حکومت کو غریب عوام کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے دورِ حکومت میں عوام بالخصوص تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے، اور موجودہ بجٹ میں بھی ہم عوامی مفاد کے لیے اپنی بھرپور تجاویز دینے کی کوشش کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اس وقت پیپلز پارٹی کی مرکزی لیڈر شپ گلگت بلتستان (جی بی) کے الیکشن میں مصروف ہے، جو واپس آتے ہی بجٹ کے معاملے پر سرجوڑ کر بیٹھے گی اور تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
