
*سکندر ملک
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122) ڈاکٹر رضوان نصیر اور پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 گوجرانوالہ/وزیرآباد کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء کی زیرِ نگرانی دریائے چناب پر چناب ٹول پلازہ کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد احمد پیرزادہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز گوجرانوالہ سید نبیل اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔
فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے، انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، فلڈ آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات و مشینری کی جانچ پڑتال کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی روابط اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز گوجرانوالہ اور دیگر افسران نے مختلف ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور سیلاب کے دوران استعمال ہونے والے ریسکیو و ریلیف آلات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے کشتیوں کے ذریعے واٹر ریسکیو آپریشن، متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے اور سلامی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
مشقوں میں پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ (ریسکیو 1122)، ریونیو ڈیپارٹمنٹ، پولیس، محکمہ صحت، لائیو سٹاک، واسا، محکمہ انہار اور ریسکیو اسکاؤٹس سمیت مختلف اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈوبتے افراد کو بچانے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے قائم کردہ کیمپس میں رجسٹریشن پوائنٹ، میڈیکل کیمپ، انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور فلڈ ریسکیو آلات شامل تھے، جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے بھی ریلیف کیمپس قائم کیے گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد احمد پیرزادہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام ریسکیو و ریلیف ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے ریسکیو 1122 گوجرانوالہ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب فلڈ موک ایکسرسائز کے انعقاد پر تمام ریسکیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ میاں رفعت ضیاء نے کہا کہ حکومت پنجاب اور پی ڈی ایم اے کی ہدایات کی روشنی میں فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشق کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن پیدا کرنا اور ریسکیو 1122 کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 نے فلڈ سیزن 2026 کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
