آئندہ وفاقی بجٹ میں زراعت کے شعبے کے لیے کل بجٹ کا کم از کم 10 فیصد مختص کیا جائے

Spread the love


وزیرآباد (نامہ نگار) کسان بورڈ پاکستان کے صدر سردار ظفر حسین خان نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں زراعت کے شعبے کے لیے کل بجٹ کا کم از کم 10 فیصد مختص کیا جائے، کیونکہ ملکی آبادی کا تقریباً 60 فیصد حصہ براہِ راست یا بالواسطہ زراعت سے وابستہ ہے اور یہ شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔اسلامک سینٹر وزیرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ نااہل حکمرانوں اور ناقص پالیسیوں کے باعث ملکی زراعت شدید بحران کا شکار ہو چکی ہے۔ اس موقع پر کسان بورڈ کے ڈویژنل حافظ ظفراللہ خاں سرویا،ضلعی صدر نذر محمد چیمہ ،تحصیل صدر علی پورچٹھہ شمس الضحی،سیف اللہ ،زمان حیدر چیمہ ،محمد اقبال چیمہ ،محمد عارف چیمہ ،سکندر چیمہ ،اعجاز قیصر اور راحت چیمہ سمیت متعدد ذمہ داران موجود تھے سردار ظفر حسین خان نے الزام عائد کیا کہ لینڈ مافیا زرعی زمینوں کو تیزی سے رہائشی منصوبوں میں تبدیل کر رہا ہے، جس سے زرعی رقبہ خطرناک حد تک کم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین زرعی خطوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں پیدا ہونے والی اجناس، پھلوں اور سبزیوں کا معیار عالمی سطح پر نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان مہنگی بجلی، ڈیزل، کھادوں اور زرعی ادویات کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ہائبرڈ بیجوں کی دستیابی میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور زراعت کو دانستہ طور پر نقصان پہنچایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا کپاس کا علاقہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، حالانکہ ایک وقت تھا جب پاکستانی کپاس کی برآمدات سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی چاول، گندم، پھلوں اور سبزیوں کا معیار آج بھی عالمی سطح پر بہترین ہے، تاہم اس کے باوجود بین الاقوامی منڈیوں میں انہیں وہ مقام حاصل نہیں جو ہونا چاہیے، جبکہ بھارتی زرعی مصنوعات عالمی مارکیٹوں میں نمایاں نظر آتی ہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زراعت کے فروغ کے لیے بجلی کے نرخ کم کیے جائیں، جدید زرعی تحقیقی ادارے اور لیبارٹریاں قائم کی جائیں، زمینوں کے کیمیائی تجزیے کی سہولیات فراہم کی جائیں، ہائبرڈ بیجوں کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دیا جائے اور کسانوں کو سستی کھادیں، زرعی ادویات، جدید مشینری اور بلا سود زرعی قرضے فراہم کیے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں اور کمرشل اتاشیوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ پاکستانی ایکسپورٹرز کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر زراعت کو ترجیحی بنیادوں پر سہارا دیا جائے تو ملک میں زرعی انقلاب برپا ہو سکتا ہے، غذائی خودکفالت حاصل کی جا سکتی ہے اور پھلوں، سبزیوں اور اجناس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ زراعت کی بحالی ہی پاکستان کی معاشی استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے، اور اگر اس شعبے پر بھرپور توجہ دی جائے تو ملک کو بیرونی قرضوں اور امداد پر انحصار کم کرنا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں