جہلم (بلال رضا) وزیراعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عوامی شکایات کے ازالے اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں سائلین کو بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرتے ہوئے ان کے مسائل اور درخواستوں کو براہِ راست سنا گیا۔


کھلی کچہری کے دوران ریونیو، بلدیاتی خدمات، صاف پانی، نکاسی آب، تجاوزات، صفائی ستھرائی اور دیگر عوامی نوعیت کے معاملات سے متعلق درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہر درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے موقع پر بریفنگ لیتے ہوئے ضروری احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ تمام شکایات اور درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو مؤثر، شفاف اور بروقت ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور حکومتی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے، سروس ڈیلیوری کے معیار میں بہتری اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ شہریوں کو بہتر طرز حکمرانی کے ثمرات میسر آ سکیں۔
