کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا دورہ جہلم ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا دورہ جہلم ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ ، تفصیلات کے مطابق کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس دورے اور اجلاس کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عزاداروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا اور امن کمیٹی کے ارکان نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ کمشنر راولپنڈی نے واضح کیا کہ محرم کے دوران امن و امان میں خلل ڈالنے والے شرپسند عناصر اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے اجلاس کو جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے بنائے گئے جامع پلان، پولیس نفری کی تعیناتی اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کو ہدایت کی کہ جلوس کے تمام روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں جیسے خطرات کو وقت سے پہلے دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے لائٹنگ کا بہترین بندوبست ہونا چاہیے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کے میڈیکل کیمپس الرٹ رہیں۔ کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام محکمے اور امن کمیٹی ایک ٹیم کے طور پر کام کریں تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن اور احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں