پینشن میں سات فیصد اضافہ، رئیٹارڈ سرکاری ملازمین کے ساتھ ایک بھونڈا مذاق ھے، ڈاکٹر منصور احمد

Spread the love


اسلام اباد نمائندہ خصوصی
حکومتِ پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر منصور احمد ضیاء الرحمن لودی میڈم بشرت حاجی محمد حنیف تنویر نوشاہی میڈم گل نرگس فارماسسٹ ڈاکٹر اشوق کمار ڈاکٹر ارشد جنجوعہ اور دیگر اداروں نے گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پینشنرز کا معاشی قتل قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پینشنرز وہ طبقہ ہیں جنہوں نے اپنی جوانیاں، صلاحیتیں، صحت اور زندگی کے بہترین سال ریاستی اداروں کی خدمت میں صرف کیے۔ دنیا کے مہذب معاشروں میں عمر کے اس حصے میں داخل ہونے والے افراد کو سینئر سٹیزن کا مقام دے کر خصوصی مراعات، طبی سہولیات، سفری رعایتیں اور معاشی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ عزت، وقار اور اطمینان کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔ لیکن افسوس کہ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے پینشنرز کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے جس سے ان کی زندگی روز بروز دشوار اور تکلیف دہ ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی مسلسل بڑھتی ہوئی شرح، ادویات کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں، یوٹیلٹی بلوں میں ہوشربا اضافہ اور روزمرہ ضروریاتِ زندگی کے ناقابلِ برداشت اخراجات کے باوجود بجٹ میں پینشنرز کے لیے محض سات فیصد اضافہ درحقیقت ان کے زخموں پر مرہم نہیں بلکہ نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ یہ اضافہ موجودہ معاشی حقائق اور زمینی حالات کا مذاق اڑانے کے برابر ہے۔پمز ریٹائرڈ اپلائز ویلفیئر ایسوسییشن کے عہدے داروں نے مزید کہا
کہا کہ پینشنرز پہلے ہی اپنے سابقہ حقوق اور مراعات میں مسلسل کٹوتیوں، پینشن پالیسیوں میں یکطرفہ تبدیلیوں اور سابقہ قواعد و ضوابط کو پسِ پشت ڈالنے کے باعث شدید اضطراب کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں سات فیصد اضافے کو کسی ریلیف کے طور پر پیش کرنا حقیقت سے چشم پوشی کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے حکومتِ وقت سے نہایت درد مندانہ انداز میں کہا کہ اگر پینشنرز کے اس معمولی سات فیصد اضافے کو روک کر ملک کی معیشت میں کوئی انقلابی تبدیلی لائی جا سکتی ہے، اگر اس رقم سے پارلیمنٹ اور سینیٹ کی عمارتوں کی آرائش و زیبائش میں اضافہ ہو سکتا ہے، اگر منتخب نمائندوں کی مراعات، پروٹوکول اور سہولیات میں مزید وسعت پیدا کی جا سکتی ہے، تو ہم ملک کے لاکھوں پینشنرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا یہ سات فیصد اضافہ بھی حکومت کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد تصادم نہیں بلکہ اربابِ اختیار کی توجہ اس تلخ حقیقت کی جانب مبذول کرانا ہے کہ ایک ریٹائرڈ ملازم اپنی عمر کے آخری حصے میں عزت اور سکون کا حق دار ہوتا ہے، نہ کہ معاشی بے یقینی، محرومی اور مسلسل مالی دباؤ کا شکار۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بزرگ شہریوں اور سابق ملازمین کو بوجھ نہیں بلکہ قومی سرمایہ سمجھے۔
آخر میں انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پینشنرز کی نمائندہ تنظیموں سے فوری مشاورت کی جائے، پینشن سے متعلق سابقہ تحفظات کو بحال کیا جائے اور مہنگائی کے تناسب سے ایسا ریلیف دیا جائے جو حقیقتاً پینشنرز کی مشکلات میں کمی کا سبب بن سکے۔
“کسی بھی معاشرے کی تہذیب اور اخلاقی معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے بزرگوں، کمزوروں اور عمر بھر خدمت کرنے والوں کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے۔عہدے داروں نے مزید کہا کہ ہیلتھ ملازمین اپنی ساری عمر مریضوں کی خدمت میں گزار دیتے ہیں اور اخر جب خود بوڑھے ہوتے ہیں تو ان کا کوئی پرسان حال نہیں حکومت کو چاہیے کہ تمام ریٹائرڈ ملازمین بالخصوص ہیلتھ ملازمین کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں بڑے بڑے عہدے داروں کے علاج کے لیے ہیلتھ کے ملازمین ہی ہر وقت ان کی مدد کے لیے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے ان کے علاج کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں”
پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں