تھانہ کالا گجراں کے علاقے کنتریلی میں علی الصبح ہونے والی ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی

Spread the love

جہلم (بیورو رپورٹ) تھانہ کالا گجراں کے علاقے کنتریلی میں علی الصبح ہونے والی ڈکیتی کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی اور اس حقیقت کو ایک بار پھر آشکار کر دیا کہ موجودہ حالات میں گھروں کی حفاظت کے لیے جدید حفاظتی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ نامعلوم چار نقاب پوش ڈاکو ایک شہری کے گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور غیر ملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہو گئےتفصیلات کے مطابق کنتریلی کے رہائشی چوہدری عبدالمجید نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے ہوئے تھے کہ اسی دوران چار مسلح نقاب پوش ملزمان گھر کی عقبی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے گھریلو خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پانچ ہزار پونڈ، پانچ لاکھ روپے نقدی اور پندرہ تولے سے زائد طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئےواقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او راجہ اظہر محمود پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، شواہد اکٹھے کیے گئے اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اہل خانہ شدید خوف و اضطراب کا شکار ہیں جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی تحفظ کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہےیہ افسوسناک واردات اس امر کی متقاضی ہے کہ شہری صرف پولیس پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی حفاظت کے لیے بھی عملی اقدامات اختیار کریں۔ گھروں کے داخلی و خارجی راستوں پر معیاری سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا، حفاظتی الارم سسٹم استعمال کرنا اور محلہ سطح پر نگرانی کے مؤثر نظام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کے لیے خوف کا باعث بنتی ہے بلکہ واردات کی صورت میں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں بھی انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
شہریوں نے ضلعی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید حفاظتی ذرائع ،اختیار کریں تاکہ چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں