
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت جہلم بازار میں جاری بیوٹیفکیشن سکیم اور اسے ماڈل بازار کی شکل دینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ اظہر کیانی نے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، جبکہ انجمن تاجران جہلم کے نمائندگان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران بازار میں جاری فرنٹ ایلیویشن، یکساں سائن ایج، روشنی، صفائی ستھرائی، پیدل چلنے والوں کی سہولت اور دیگر کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے جاری کاموں کی رفتار، معیار اور آئندہ مراحل کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔
انجمن تاجران جہلم کے نمائندگان نے جاری کام کے دوران تاجروں کو درپیش مسائل، کاروباری سرگرمیوں سے متعلق تحفظات اور اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا گیا اور باہمی مشاورت سے ایسے اقدامات پر غور کیا گیا جن سے کام بھی جاری رہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ جہلم بازار شہر کی تجارتی اور تاریخی پہچان ہے۔ جاری بیوٹیفکیشن سکیم کی تکمیل سے بازار مزید خوبصورت، منظم اور عوام دوست بنے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، تاجر برادری اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے جہلم بازار کو ایک جدید اور مثالی ماڈل بازار کی شکل دی جائے گی۔
