جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف اور مینیجنگ ڈائریکٹر واسا کے ہمراہ شہر میں جاری سیوریج پائپ لائن بچھانے کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر منصوبے کی پیش رفت اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

دورے کے دوران سیوریج پائپ لائن کی تنصیب، کھدائی کے بعد متاثرہ مقامات کی بحالی، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار کا مشاہدہ کیا گیا۔ واسا حکام نے جاری کام، مکمل ہونے والے حصوں اور آئندہ مراحل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے شہری آمدورفت، ٹریفک کی روانی اور عوام کو درپیش عارضی مشکلات کو کم کرنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متاثرہ مقامات کی بروقت بحالی، صفائی ستھرائی اور منصوبے کو منظم انداز میں آگے بڑھانے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سیوریج پائپ لائن کے کام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو دیرپا سہولیات میسر آئیں گی۔
