
جہلم (بلال رضا) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے محرم الحرام کے دوران شدید گرمی کے پیش نظر عزاداروں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر محرم سبیل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے کیمپوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سبیل کیمپوں میں عزاداروں کے لیے ٹھنڈے، سادہ اور میٹھے پانی، برف، صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں شریک عزاداروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سبیل کیمپوں پر پانی کی فراہمی مسلسل برقرار رکھی جائے اور صفائی کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ شدید گرمی کے پیش نظر عزاداروں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات فعال رکھے جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی خدمت، امن و امان اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے۔ سبیل کیمپوں کا مقصد عزاداروں کو باعزت، محفوظ اور آسان سہولت فراہم کرنا ہے۔
