جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سہولت اور شدید گرمی کے پیش نظر ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں محرم سبیل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
یہ سبیل کیمپ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے زیر نگرانی فعال ہیں، جہاں عزاداروں کے لیے ٹھنڈے، سادہ اور میٹھے پانی، جوسز، لنگر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سبیل کیمپوں پر سہولیات کی مسلسل فراہمی، صفائی کے معیار اور عزاداروں کی آسان رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے مشروبات اور پانی کی دستیابی کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی خدمت اور سہولت کے لیے تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ضلعی انتظامیہ جہلم کی کوشش ہے کہ عزاداروں کو محفوظ، منظم اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جائے۔
