جہلم (بیورو رپورٹ) ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کا فائدہ پاکستان کے عوام تک منتقل نہ ہو سکا۔ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کی امید لگائے شہری جمعہ کے روز بے چینی سے حکومتی اعلان کے منتظر رہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے بعد سوشل میڈیا پر بھی رات گئے تک پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا اور عوام پرامید تھے کہ حکومت انہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف فراہم کرے گی۔
تاہم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کے فیصلے نے شہریوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جس پر مختلف حلقوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے لوگوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ اخراجات میں کمی آئے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے آئیں اور منہ زور مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے،
