



جہلم ( بلال رضا )مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد کی ممتاز اسپورٹس سائنسدان ڈاکٹر مہوش منظور نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے ترکیہ میں منعقدہ بین الاقوامی اسپورٹس کانفرنس میں “بہترین نوجوان اسپورٹس سائنٹسٹ ایوارڈ” اپنے نام کر لیا۔ اسی باوقار تقریب میں انہیں انٹرنیشنل تھرو بال فیڈریشن (ITF) پاکستان کی صدر کے طور پر بھی نامزد کیا گیا۔
ڈاکٹر مہوش منظور اس بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے مدعو کی جانے والی واحد انٹرنیشنل اسپیکر تھیں۔ انہوں نے اپنے تحقیقی مقالے اور پیشہ ورانہ خیالات کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد کی بھی بہترین انداز میں نمائندگی کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
یہ دوہرا اعزاز اسپورٹس سائنس، تحقیق، تعلیم اور قیادت کے شعبوں میں ڈاکٹر مہوش منظور کی مسلسل محنت، غیر معمولی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کا عملی اعتراف ہے۔ ان کی یہ کامیابی نوجوان محققین اور اسپورٹس پروفیشنلز کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر مہوش منظور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور پاکستان اور عالمی اسپورٹس کمیونٹی کے لیے مزید خدمات انجام دینے کی توفیق دے۔ آمین۔”
ڈاکٹر مہوش منظور کی اس شاندار کامیابی پر مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد کے پی ایچ ڈی سکالرز مومنہ ماہرو گوندل، فیصل وقاص، حامد محمود، اقصیٰ بتول، شبانہ خٹک ، ہارون، عرفان اکرم، مبشر، رضوان، یاسر علی اور دیگر ساتھیوں نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہوش منظور کی یہ کامیابی نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے اسپورٹس سائنس کے میدان میں ملک کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔
ڈاکٹر مہوش منظور کی یہ عالمی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی محققین اور اسپورٹس سائنسدان اپنی صلاحیتوں، تحقیق اور قائدانہ کردار کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں، جو ملک کے لیے ایک قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔
