الحمد للہ رب العالمين، والصلاة والسلام على سيدنا محمدٍ خاتمِ النبيين، وعلى آلہ وصحبہ أجمعين۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
﴿وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ﴾
“اور ہم نے آپ ﷺ کے ذکر کو بلند کر دیا۔” (سورۃ الشرح: 4)
چند سال قبل پنجاب اسمبلی نے خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی، لاہور کے قیام کا قانون منظور کیا۔ اس عظیم منصوبے کے لیے مالی وسائل بھی مختص کیے گئے اور قوم کو یہ خوشخبری سنائی گئی کہ ایسی جامعہ قائم ہوگی جہاں قرآنِ کریم، سیرتِ طیبہ، اسلامی علوم اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ معیار کی تعلیم و تحقیق ہوگی۔
یہ صرف ایک نئی یونیورسٹی کا منصوبہ نہیں تھا بلکہ اس عظیم ہستی ﷺ کے نام سے منسوب ایک ایسا علمی مرکز تھا جنہیں اللہ تعالیٰ نے رحمةً للعالمین بنا کر بھیجا۔ وہ صرف مسلمانوں ہی کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہیں۔
آپ ﷺ خاتم النبیین ہیں، سب سے عظیم معلم ہیں، بہترین مربی ہیں، کامل قائد ہیں، عادل حکمران ہیں، بے مثال سپہ سالار ہیں، دیانت دار تاجر ہیں، مثالی شوہر اور شفیق باپ ہیں۔ عبادات ہوں یا معاملات، اخلاق ہوں یا معاشرت، عدل و انصاف ہو یا انسانی حقوق، تعلیم و تربیت ہو یا ریاستی نظم، امن ہو یا جنگ کے اخلاقی اصول، آپ ﷺ کی سیرت ہر شعبۂ زندگی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
﴿لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ﴾
“یقیناً تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔” (سورۃ الأحزاب: 21)
آج پوری دنیا بالخصوص امتِ مسلمہ جن فکری، اخلاقی اور معاشرتی بحرانوں سے گزر رہی ہے، ان کا حقیقی حل سیرتِ نبوی ﷺ میں موجود ہے۔ ہمارے پاس معلومات تو بہت ہیں، لیکن کردار سازی، تربیت اور سنتِ نبوی ﷺ پر عملی زندگی کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ یہی وہ خلا ہے جسے سیرتِ طیبہ پر اعلیٰ درجے کی تحقیق، تدریس اور عملی تربیت کے ذریعے پُر کیا جا سکتا ہے۔
اسی مقصد کے لیے خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی کا تصور پیش کیا گیا تھا۔ یہ ایک ایسا ادارہ بن سکتا تھا جہاں روایتی دینی علوم کے ساتھ جدید تحقیق، بین الاقوامی مطالعات، سیرتِ نبوی ﷺ کے سماجی، معاشی، قانونی، تعلیمی، انتظامی، سفارتی، عسکری اور اخلاقی پہلوؤں پر علمی کام ہوتا اور پوری دنیا کو اسلام کا حقیقی اور معتدل پیغام پیش کیا جاتا۔
آج یہ بات باعثِ تشویش ہے کہ اگرچہ اس یونیورسٹی کے قیام کا قانون پنجاب اسمبلی سے منظور ہوا اور اس منصوبے کے لیے مالی وسائل بھی مختص کیے گئے، لیکن تاحال اس عظیم منصوبے کی عملی پیش رفت قوم کے سامنے واضح نہیں۔ اس کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟ اگر کسی انتظامی، مالی یا قانونی رکاوٹ کی وجہ سے اس میں تاخیر ہو رہی ہے تو قوم کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے، اور اگر رکاوٹیں موجود ہیں تو انہیں دور کر کے اس منصوبے کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہیے۔
حکمرانوں، علماءِ کرام اور اہلِ خیر کی خدمت میں ایک
مؤدبانہ گزارش
ہم حکومتِ پاکستان، حکومتِ پنجاب، علمائے کرام، جامعات، اہلِ دانش، مخیر حضرات اور ہر عاشقِ رسول ﷺ سے نہایت ادب و احترام کے ساتھ گزارش کرتے ہیں کہ خاتم النبیین ﷺ یونیورسٹی، لاہور کے منصوبے کو دوبارہ ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے، اس کی موجودہ حیثیت قوم کے سامنے واضح کی جائے، اور اگر اس کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل ہے تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے۔
یہ کسی ایک جماعت، حکومت یا شخصیت کا منصوبہ نہیں، بلکہ رسولِ اکرم ﷺ کے نام سے منسوب ایک قومی اور دینی امانت ہے۔ آنے والی نسلوں کی فکری، اخلاقی اور روحانی تعمیر کے لیے ایسے اداروں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
آئیے! ہم سب دعا بھی کریں اور اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اس عظیم مقصد کے لیے آواز بھی بلند کریں، تاکہ سیرتِ رسول ﷺ کا یہ علمی چراغ روشن ہو اور اس کی روشنی پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا تک پہنچے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سچی محبت، کامل اتباع، اور ان کی سیرتِ مبارکہ کے فروغ کی توفیق عطا فرمائے۔
اللهم صل وسلم وبارك على سيدنا محمد، وعلى آله وصحبه أجمعين۔
ڈاکٹر منصور احمد
0300 5327345
