جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جوئے کا بازار گرم

Spread the love

جہلم (بیورورپورٹ)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جوئے کا بازار گرم، گلی محلوں میں بکیے سرگرم، نوجوان داؤ پر داؤ لگاکر کنگال ہونےلگے۔۔متعلقہ محکموں کی طرف سے جواریوں کی لسٹیں تریتیب دینے کا سلسلہ جاری،جلد جواریوں کے خلاف کریک ڈاؤن متوقع تفصیلات کے مطابق
شہر کے علاقے مشین محلہ،شمالی محلہ،باغ محلہ،جادہ،بلال ٹاون،محمدی چوک،کالاگجراں سمیت ضلع بھر میں آن لائن اور روایتی جوئے کے کاروبار میں مبینہ طور پر غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں گلی محلوں اور مختلف علاقوں میں بکیے کرکٹ، فٹبال اور دیگر قومی و بین الاقوامی کھیلوں پر شرطیں لگوا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد پنٹرز روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں،لاکھوں روپے کے داؤ کھیل رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں کے دوران موبائل فونز، واٹس ایپ گروپس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے شرط بازی کا نیٹ ورک پوری طرح سرگرم ہے، جبکہ بعض بکی مبینہ طور پر راتوں رات کروڑ پتی بننے کے خواب دکھا کر نوجوانوں کو اس غیر قانونی کاروبار کی جانب راغب کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں نے مبینہ طور پر مختلف علاقوں میں سرگرم بکیوں اور ان کے سہولت کاروں کی فہرستیں مرتب کر لی ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سےمطالبہ کیا ہے کہ نوجوان نسل کو جوئے کی لعنت سے بچانے کے لیے مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں سماجی اور مذہبی حلقوں کے مطابق جواء نہ صرف ایک غیر قانونی عمل ہے بلکہ معاشرتی بگاڑ، مالی تباہی اور خاندانی مسائل کا بھی سبب بنتا ہے۔ شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جوئے کے مبینہ نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو اس برائی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ بعض معلومات مقامی ذرائع اور عوامی شکایات پر مبنی ہیں، متعلقہ اداروں کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی شائع کیا جائےگا،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں