شدید گرمی اور حبس کے حالیہ موسم میں بجلی کے گھریلو صارفین پریشان

Spread the love

جہلم (بیورو رپورٹ)
شدید گرمی اور حبس کے حالیہ موسم میں بجلی کے گھریلو صارفین، خصوصاً دیہاڑی دار، مزدور اور کم آمدن والے طبقے نے حکومت سے بجلی کے ٹیرف سے متعلق پالیسی پر نظرِثانی کی اپیل کی ہےشہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت اگر کوئی گھریلو صارف ایک ماہ میں 200 یونٹ سے تجاوز کرکے 201 یونٹ بجلی استعمال کر لے تو اس پر لاگو ہونے والا ٹیرف آئندہ چھ ماہ تک اس کے بجلی کے بلوں پر اثرانداز ہوتا ہے، جس کے باعث محدود آمدن رکھنے والے خاندانوں کے لیے اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہےصارفین کا مؤقف ہے کہ شدید گرمی کے باعث پنکھے، کولر اور دیگر ضروری برقی آلات کا استعمال ناگزیر ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے معمولی فرق سے یونٹس بڑھ جانے پر بھی بجلی کے بھاری بل ان کے گھریلو بجٹ کو متاثر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کسی قسم کی رعایت کا ناجائز فائدہ اٹھانا نہیں بلکہ ایسے نظام کی خواہش ہے جو عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سہولت فراہم کرے۔
شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر توانائی اور متعلقہ حکام سے مؤدبانہ اپیل کی ہے کہ کم آمدن والے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کے ٹیرف اور پروٹیکٹڈ صارفین سے متعلق پالیسی کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے یونٹس کی حد میں مناسب اضافہ کیا جائے یا ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے جس سے معمولی اضافے کی صورت میں صارفین کو کئی ماہ تک اضافی مالی بوجھ برداشت نہ کرنا پڑے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس حوالے سے عوام دوست اقدامات کیے جائیں تو نہ صرف غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف ملے گا بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں