جہلم (بیورو رپورٹ)
جہلم کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت، چیف ایگزیکٹو شاھین سیون سٹار چوہدری محمد منشاء اور ممتاز قانون دان چوہدری شفاقت قیوم دھمیال نے جہلم پریس کلب میں نصب کیے گئے 10 کلو واٹ سولر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر پریس کلب آمد پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ صحافیوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا والہانہ خیرمقدم کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد منشاء نے کہا کہ جہلم پریس کلب میں سولر سسٹم کی تنصیب میں اپنا کردار ادا کرکے انہیں دلی مسرت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے فلاحی اور رفاہی سرگرمیوں میں بھرپور انداز سے حصہ لے رہے ہیں، اور ان کی پوری ٹیم، بالخصوص ان کے صاحبزادے اور ممتاز قانون دان چوہدری شفاقت قیوم دھمیال، اس مشن میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ جہاں بھی عوام کو مشکلات اور مسائل کا سامنا ہو، وہاں اپنی استطاعت کے مطابق ان کے ازالے میں عملی کردار ادا کیا جائے، کیونکہ انسانیت کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چوہدری شفاقت قیوم دھمیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہلم کے صحافی ہمیشہ ذمہ دار، مثبت اور تعمیری صحافت کے علمبردار رہے ہیں، جو جہلم پریس کلب کا قابلِ فخر امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی مضبوط بنیاد ہوتی ہے، اور وہ صحافی برادری کے ساتھ ہر خوشی اور مشکل کی گھڑی میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پریس کلب کے عہدیداران اور صحافیوں نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی یہ کاوش نہ صرف پریس کلب کے لیے ایک قیمتی تحفہ ثابت ہوگی بلکہ سماجی خدمت کے جذبے کو بھی مزید فروغ دے گی
