وزیرآباد(نامہ نگار) بغیر لائسنس زرعی ادویات کی فروخت اور ممنوعہ زرعی زہریں سٹور کرنے و فروخت کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر(پی پی) و پیسٹی سائیڈ انسپکٹر کا غلہ منڈی گکھڑ کے ڈیلر پر چھاپہ دوکان کو سیل کر کے مقدمہ کے لیے استغاثہ بھجوا دیا پولیس تھانہ گکھڑ نے مقدمہ درج کر لیا ۔ وزیرآباد میں محکمہ زراعت (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز) کی درخواست پر زرعی ادویات کی غیر قانونی فروخت کے الزام میں مقامی تاجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پی پی) و پیسٹی سائیڈ انسپکٹر ڈاکٹر بشریٰ صدیق نے تھانہ گکھڑ منڈی میں درخواست دی کہ مین بازار غلہ منڈی میں واقع آر رحمن ٹریڈرز کی چیکنگ کی۔ دورانِ معائنہ دکان پر زرعی ادویات بغیر لائسنس، ڈیلرشپ، انوائس، اسٹاک رجسٹر اور کیش میمو کے فروخت ہوتی پائی گئیں، جبکہ دکاندار عبد الرحمن مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کر سکا۔درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیکنگ کے دوران دکان سے مختلف کمپنیوں کی ایسی زرعی زہریں بھی برآمد ہوئیں جن کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت متعلقہ حکومتی احکامات کے تحت ممنوع قرار دی جا چکی ہے۔ محکمہ زراعت نے تمام برآمد شدہ زرعی ادویات کو پیسٹی سائیڈز آرڈیننس کے تحت قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے محکمہ زراعت کی مدعیت میں ملزم عبد الرحمن کے خلاف پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971ء (ترمیمی قوانین 1997ء، 2012ء اور رولز 2018ء) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
