رحیم یار خان (میاں طالب حسین)ڈویژنل بیوروچیف
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں نہروں، دریاؤں، کینالوں اور دیگر آبی مقامات پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پیرا فورس نے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران نہروں میں نہاتے ہوئے درجنوں افراد کو تحویل میں لیا گیا جبکہ دو افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ دیگر افراد کے والدین سے تحریری یقین دہانی لینے کے ساتھ سخت وارننگ جاری کی گئی ہے۔
انچارج پیرا فورس ضیاء اللہ گوندل نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی واضح ہدایات کے مطابق انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ضلع بھر میں نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی نافذ ہے۔ اس پابندی کے مؤثر نفاذ کے لیے پیرا فورس، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت اور نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ مختلف ذرائع سے شہریوں اور خصوصاً والدین کو مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں، دریاؤں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے سے ہرگز نہ جانے دیں کیونکہ گرمی کے موسم میں ایسے مقامات پر نہانے کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب دفعہ 144 کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ نہروں یا دیگر ممنوعہ آبی مقامات پر نہانے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بالغ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کے نہروں میں نہانے کی صورت میں ان کے والدین یا سرپرستوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی کیونکہ بچوں کی حفاظت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ٍ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندی پر مکمل عملدرآمد کریں، اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں نہروں، دریاؤں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے سے روکیں تاکہ کسی بھی حادثے یا قیمتی انسانی جان کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے۔
