آبادی کا دباو سنگین چیلنج بن چکا ہے بشیر بھیروی
راولپنڈی ( اردو گلوبل نیوز حکیم رفعت نسیم سے)ہمدرد شوریٰ راولپنڈی کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت اسپیکر ہمدرد شوریٰ امتیاز حیدر منعقد ہوا، جس کا موضوع صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد کی تجویز پر ”بڑھتی ہوئی آبادی اور کم ہوتے وسائل: ایک لمحہ فکریہ“ رکھا گیا تھا۔ اجلاس میں ملک کے ممتاز دانشوروں، ماہرین اور شوریٰ کے ارکان نے شرکت کی اور پاکستان کو درپیش آبادی کے بحران اور وسائل کی کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس کے آغاز میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا:
”پاکستان اس وقت تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور محدود ہوتے وسائل کے سنگین چیلنج سے دوچار ہے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ پانی، خوراک، توانائی، تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی شعبے پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہیں اور آبادی میں مسلسل اضافہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم آبادی اور وسائل کے درمیان توازن، پائیدار ترقی اور قومی ذمہ داری کے پہلوؤں پر سنجیدگی سے غور کریں۔“
اسپیکر ہمدرد شوریٰ امتیاز حیدر نے اپنے صدارتی خطبے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ صرف آبادی کا بڑھنا نہیں بلکہ آبادی اور وسائل کے درمیان پایا جانے والا عدم توازن ہے۔ جب وسائل محدود ہوں اور آبادی تیز رفتاری سے بڑھے تو ترقی کا عمل سست ہو جاتا ہے اور قومی وسائل پر غیر معمولی بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ہم آج دانشمندانہ منصوبہ بندی، مؤثر پالیسیوں اور اجتماعی شعور کے ذریعے اس توازن کو قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو پاکستان نہ صرف موجودہ بحرانوں پر قابو پا سکتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوشحال، مضبوط اور پائیدار مستقبل کی بنیاد بھی رکھ سکتا ہے۔
اجلاس میں شریک دیگر اراکینِ شوریٰ جن میں حکیم بشیر بھیروی، نعیم اکرم قریشی، ڈاکٹر فرحت عباس، سلمیٰ قاصر، طارق شاہین، پروفیسر زاہد علی قریشی، تنویر نصرت، ڈاکٹر نعمان احمد خان، انجینئر مظفر اقبال، ڈاکٹر محمود الرحمن اور پروفیسر اقبال ناصری شامل تھے، نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
موجودہ صورتحال: پاکستان اس وقت ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں آبادی کا دباؤ قومی ترقی، معاشی استحکام اور آئندہ نسلوں کے لیے سنگین چیلنج بن چکا ہے۔
حل کی حکمتِ عملی: سائنسی منصوبہ بندی، مؤثر انتظام، وسائل کے منصفانہ استعمال، اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کرنا ناگزیر ہے۔
نوجوان نسل کا کردار: ذمہ دار شہری طرزِ عمل کو فروغ دے کر ہم اپنی بڑی نوجوان آبادی کو معاشی ترقی اور قومی استحکام کا سب سے بڑا سرمایہ بنا سکتے ہیں۔دانشوروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر حکومت اور عوام مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں تو وسائل کی اس کمی کو بحران میں بدلنے کے بجائے بہتر حکمرانی اور پائیدار ترقی کی ایک نئی جہت دی جا سکتی ہے۔
