سکندر ملک ۔
گوجرانوالہ میں میت کی باعزت منتقلی کیلئے مفت سروس (Deceased Care Service) کا باقاعدہ آغاز، لواحقین کو باوقار اور بلا معاوضہ سہولت فراہم کی جائے گی. ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی وژن اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام میت منتقلی سروس (Deceased Care Service) کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اس سلسلہ میں افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس گوجرانوالہ میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان ندیم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء, چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال/ ڈی ایچ کیو ہسپتال، گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء نے میت منتقلی سروس کے اغراض و مقاصد، طریقۂ کار اور عوامی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو مزید بہتر، بروقت اور باوقار سہولیات کی فراہمی کے لیے اس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں سے میت کی منتقلی کی سہولت شہریوں کو مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کا تربیت یافتہ عملہ مرحومین کی منتقلی مکمل عزت، احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں مقررہ مقام تک یقینی بنائے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں رفعت ضیاء نے مزید کہا کہ اس سروس کا بنیادی مقصد غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا، ان کی مشکلات میں کمی لانا اور میت کی منتقلی کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے، تاکہ شہری اس مشکل وقت میں باوقار اور بااعتماد سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے میت منتقلی سروس کے آغاز کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس سے شہریوں کو مشکل وقت میں بروقت، باوقار اور بلا معاوضہ سہولت میسر آئے گی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے میت منتقلی سروس (Deceased Care Service) کے لیے مختص ایمبولینسز کا معائنہ بھی کیا۔
ریسکیو 1122 گوجرانوالہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں سے مفت میت منتقلی سروس حاصل کرنے کے لیے کسی بھی وقت ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
