دعا عبادت کا مغز ہے اور بندے کا اپنے رب سے مضبوط ترین تعلق ہے

Spread the love

وزیرآباد(نا مہ نگار) دعا عبادت کا مغز ہے اور بندے کا اپنے رب سے مضبوط ترین تعلق ہے۔ انسان خوشی ہو یا غم، آسانی ہو یا مشکل، ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے رجوع کرے، کیونکہ وہی دعاؤں کو سننے والا، قبول کرنے والا اور ہر مشکل کو آسان کرنے والا ہے، دعا انسان کے دل کو سکون، امید اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ عطا کرتی ہے۔ قرآن و سنت میں دعا کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے اور ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں دعا کو معمول بنائے، اپنے لیے، اپنے والدین، اہلِ خانہ، امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے خیر و بھلائی کی دعائیں مانگے، مرحومین کے لیے دعا، قرآن خوانی اور صدقہ جاریہ ان کے درجات کی بلندی کا ذریعہ بنتے ہیں۔۔ان خیالات کا اظہار قاری غلام مرتضیٰ نے ڈائریکٹر اے ایف این آرفن ہوم کئیر وجنرل سیکرٹری انجمن فلاح نوجواناں ادارہ ترک منشیات عدنان محمود گجر کی ہمشیرہ کے ایصال ثواب کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمد افضل بٹ،فضل محمد علی باوا،خالد محمود چیمہ،حاجی محمد شفیق،کامران گجر،قاری مصطفی،چراغدین گجر،احمد رضا گجر،محمد اعظم،عماد بٹ،آصف خان،زاہد محمود ہاشمی،محمد سرور چوہان،عبد الرؤف گجر ودیگرنے بھی خطاب کیا۔عدنان محمود گجر نے کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ سب سے بڑی نعمت اور انمول تحفہ ہیں۔ ان کی محبت، شفقت، دعائیں اور تربیت انسان کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں،قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، احترام اور خدمت کی بار بار تاکید کی گئی ہے، والدین کی خدمت صرف ایک اخلاقی ذمہ داری نہیں بلکہ عظیم عبادت ہے، جس کا اجر اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت دونوں میں عطا فرماتا ہے،معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی عزت کرے، ان کی ضروریات کا خیال رکھے، ان کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آئے اور ان کی دعاؤں کو اپنی زندگی کا سرمایہ سمجھے، آج کے دور میں نوجوان نسل کو والدین کے حقوق اور ان کی خدمت کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط خاندان ہی ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔ شرکاء نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں