وزیرآباد(نا مہ نگار) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر نوید یونس مرحوم کی وفات پر نائب صدر پاکستان فٹ بال ایسوسی ایشن حافظ ذکاء اللہ،کنٹری ہیڈ مسلم ہینڈز صاحبزادہ سید ضیاء النور،فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران قاضی سلیمان،افتخار حسین صدیقی،محمد الیاس سرویا،چوہدری سعید گوندل،رانا اورنگزیب،محمد اکرم آف کامونکی،نادر شکیل بھٹی،آصف خان،دلاور،امجد نوری، ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن گجرات کے صدر عمران لطیف بٹ ایڈووکیٹ،میاں اشرف،شیخ اشفاق پیا ودیگر عہدیداران اور کھلاڑیوں نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت، بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔حافظ ذکاء اللہ اور صاحبزادہ سید ضیاء النور نے کہا کہ مرحوم نوید یونس ایک مخلص، بااخلاق، ملنسار اور کھیلوں سے بے پناہ محبت رکھنے والی شخصیت تھے۔ انہوں نے بطور صدر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن فٹ بال کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، ان کی قیادت میں ضلع بھر میں متعدد فٹ بال ٹورنامنٹس منعقد ہوئے، جن سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئے، مرحوم کی وفات سے کھیلوں کا شعبہ ایک مخلص منتظم، بہترین رہنما اور خوش اخلاق انسان سے محروم ہو گیا ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا اور فٹ بال کی ترقی کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم نوید یونس کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
