وزیرآباد(نامہ نگار)طوفانی موسم میں بجلی کی فوری بحالی، جنڈیالہ فیڈر کے مکینوں کا رانا تنویر احمد کو خراج تحسین۔ شدید آندھی اور موسلا دھار بارش کے دوران بجلی کی بروقت بحالی اور جانفشانی سے فرائض انجام دینے پر گیپکو سب ڈویژن نمبر 2 کے لائن سپرنٹنڈنٹ رانا تنویر احمد اور ان کی ٹیم کو جنڈیالہ فیڈر کے صارفین نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ علاقہ مکینوں اور معززین نے مشکل موسم میں گیپکو ٹیم کی محنت اور بروقت اقدامات کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں شدید آندھی اور بارش کے باعث جنڈیالہ فیڈر کا بجلی کا نظام متاثر ہوا۔ مختلف مقامات پر تاریں ٹوٹنے اور فنی خرابیوں کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خراب موسم کے باوجود ایس ڈی او عرفان احمد کے احکامات پر لائن سپرنٹنڈنٹ رانا تنویر احمد اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر فیلڈ میں پہنچے اور بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں مختلف مقامات پر پیدا ہونے والی خرابیوں کو دور کروایا اور مسلسل محنت کے بعد کم وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کر دی۔جنڈیالہ فیڈر کے مکینوں کا کہنا ہے کہ رانا تنویر احمد اور ان کی ٹیم نے طوفانی موسم میں جانفشانی اور ذمہ داری سے فرائض انجام دے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ ایسے محنتی اور فرض شناس اہلکار محکمے کے لیے قابل فخر ہیں۔صارفین نے چیف ایگزیکٹو گیپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ رانا تنویر احمد اور ان کی ٹیم کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ محنتی اہلکاروں کی خدمات کا اعتراف اور دیگر ملازمین کی بھی حوصلہ افزائی ہو۔
