وزیرآباد (نامہ نگار) امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے 23 اور 24 محرم الحرام کی درمیانی شب امام بارگاہ پنڈوری کلاں تحصیل علی پور چٹھہ میں مجلس عزا منعقد ہوئی، مجلس کا انعقاد چوہدری غلام عباس چٹھہ کی میزبانی میں کیا گیا، مجلس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مجلس سے ممتاز خطیب علامہ غلام عباس خان آف بھکر اور مولانا محمد عباس بلوچ آف جھنگ نے خطاب کیا، علمائے کرام نے اپنے خطاب میں جنابِ سجاد علیہ السلام کی سیرت، صبر و استقامت اور واقعہ کربلا کے بعد اہل بیتؑ پر ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی، مقررین نے کہا کہ امام سجاد علیہ السلام نے قید و بند کی سختیوں، بازاروں کی ذلت اور دربارِ یزید و شام کی بے حرمتیوں کے باوجود پیغامِ حسینؑ کو زندہ رکھا، انہوں نے کہا کہ امام زین العابدینؑ سجدوں کے امام تھے انہوں نے اپنی عبادت، گریہ و زاری اور دعائے سجادہ کے ذریعے امت کو صبر و رضا کا درس دیا، شام میں جب امام کو زنجیروں میں جکڑ کر لے جایا گیا تو امام نے وہاں بھی اسلام کے پیغام کو عام کیا اور یزیدیت کے ظلم کو بے نقاب کیا، علمائے کرام نے کہا کہ آج بھی ہمیں امام سجاد علیہ السلام کی اسی قربانی اور برداشت سے سبق لینے کی ضرورت ہے، انہوں نے مظلومیت کے دور میں بھی حق کا پرچم بلند رکھا اور کسی قسم کے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا، مجلس کے اختتام پر شبہہ تابوتِ امام سجاد علیہ السلام برآمد ہوا، ماتمی جلوس میں شریک عزاداروں نے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے امامِ مظلوم کو خراج عقیدت پیش کیا جلوس امام بارگاہ جاگیر علی اکبر علیہ سے برآمد ہو کر ڈاکٹر عاصم رضاچٹھہ کے گھر سے ہوتا ہوا حاجی سیف علی چٹھہ کیگھر پر اختتام پزیر ہوا۔
