واسا اہلکار ”نئی رکاوٹ فورس“ بن گئے، مصروف بازار میں بیریئرز لگا کر شہریوں کی آمدورفت دشوار

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) واسا اہلکار ”نئی رکاوٹ فورس“ بن گئے، مصروف بازار میں بیریئرز لگا کر شہریوں کی آمدورفت دشوار۔شہر میں پہلے ہی مختلف مقامات پر ناکوں اور ٹریفک رکاوٹوں سے پریشان شہریوں کے لیے واسا اہلکار بھی مبینہ طور پر نئی ”رکاوٹ فورس“ بن گئے۔ دن کے مصروف ترین اوقات میں شہر کے اہم اور گنجان بازاروں میں بیریئرز لگا کر شہریوں کی آمدورفت میں مشکلات پیدا کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس پر شہری حلقوں نے شدید تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کے مطابق لاہوری دروازہ کے قریب نیشنل بینک کے سامنے واسا اہلکاروں کی جانب سے لگائی جانے والی رکاوٹیں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔ مذکورہ مقام شہر کے مصروف ترین کاروباری علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری، موٹر سائیکل سوار، رکشے اور دیگر گاڑیاں گزرتی ہیں۔ مصروف اوقات میں بیریئرز کے باعث ٹریفک جام معمول بن جاتا ہے اور شہریوں کو چند منٹ کا راستہ طویل انتظار کے بعد طے کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کا بنیادی کام نکاسی آب، سیوریج اور متعلقہ عوامی مسائل کا حل ہے، تاہم اہلکاروں کی جانب سے مصروف شاہراہوں اور بازاروں میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ شہری پہلے ہی مختلف فورسز کے ناکوں اور سڑکوں پر موجود رکاوٹوں سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں، جبکہ بازار پہنچنے پر واسا کے بیریئرز مزید پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہوری دروازہ نیشنل بینک کے قریب قائم غیر ضروری رکاوٹوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور مصروف اوقات میں شہریوں کی بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں