خواتین اور غریب سائلین کو انصاف کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے، یاسمین ہارون ایڈووکیٹ

Spread the love

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کی معروف قانون دان اور سینئر خاتون وکیل یاسمین ہارون ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکالت ایک مقدس پیشہ ہے جس کا بنیادی مقصد مظلوم اور حق دار افراد کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پاس آنے والے ہر سائل کے مقدمے کو انتہائی دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ لڑتی ہیں اور معزز عدالتوں سے انصاف دلانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین ہارون نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ قانون کی بالادستی کو فروغ دیا جائے اور ایسے افراد کی مدد کی جائے جو کسی وجہ سے اپنے حقوق کے حصول میں مشکلات کا شکار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات، خصوصاً خواتین، بیواؤں اور مستحق افراد کو قانونی معاونت فراہم کرنا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ایک سماجی خدمت بھی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی غریب، نادار یا مستحق سائل آتا ہے اور اس کے پاس وکیل کی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں ہوتی تو وہ ایسے افراد سے فیس وصول نہیں کرتیں بلکہ انسانیت اور خدمت کے جذبے کے تحت ان کے مقدمات کی پیروی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف صرف صاحبِ حیثیت افراد کا حق نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو بلا امتیاز انصاف ملنا چاہیے۔
یاسمین ہارون نے مزید کہا کہ خواتین کو درپیش قانونی مسائل کے حل کے لیے آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین اپنے حقوق سے آگاہ نہیں ہوتیں جس کے باعث انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں متعدد خواتین کو قانونی رہنمائی فراہم کی اور معزز عدالتوں سے ان کے حقوق دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں