وزیرآباد(نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی این اے 66، بیرسٹر عثمان احمد چیمہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا قصور میں دیا گیا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ، افسوسناک اور قومی مفاد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ایسے بیانات دینا نہ صرف پاکستان کے دفاعی اداروں کی قربانیوں کی نفی ہے بلکہ ان کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات کو بھی مجروح کرتا ہے جو اپنی افواج پر فخر کرتے ہیں وہ بابائے صحافت پریس کلب وزیرآباد کے وفد میں شامل صحافیوں سید ضمیر کاظمی، میاں شہباز احمد، صوفی اشرف نثار، ایوب احمد چوہان اور وقاص خالد ہاشمی سے گفتگو کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمٰن اپنے مؤقف پر اتنا یقین رکھتے ہیں تو انہیں محض جلسوں میں تقاریر کرنے کے بجائے اپنے بیٹوں کو ایک ہفتے کے لیے سیاچین، لائن آف کنٹرول، کشمیر یا کسی بھی حساس سرحدی چوکی پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارنے کا کہنا چاہیے تاکہ انہیں برفانی طوفانوں، منفی درجہ حرارت، دشمن کی فائرنگ اور ہر لمحہ درپیش خطرات کا عملی اندازہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع تقریروں سے نہیں بلکہ قربانی، استقامت اور خون سے کیا جاتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے بیان پر قوم اور افواجِ پاکستان سے معذرت کریں، شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرکے ان کی قربانیوں کا احترام کریں، قومی اداروں پر تنقید سے قبل حقائق اور زمینی حالات کا ادراک حاصل کریں اور سیاسی اختلاف کو قومی سلامتی کے معاملات سے الگ رکھتے ہوئے ایسے بیانات سے گریز کریں جو دشمن کے بیانیے کو تقویت پہنچا سکتے ہوں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مولانا فضل الرحمٰن یا ان کے قریبی رفقاء نے کبھی سرحدوں پر تعینات جوانوں کی زندگی، حالات اور قربانیوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے؟ اگر نہیں، تو انہیں ایسے حساس قومی معاملات پر بیان بازی سے پہلے خود احتسابی کرنی چاہیے پاکستان کی سرحدوں پر کھڑا سپاہی کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا سپاہی ہے۔ اس کی عزت، قربانی اور خدمات کو سیاست کی نذر کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم قومی سلامتی اور وطن کے محافظوں کی قربانیوں کو سیاسی ہدف بنانا کسی طور قابل قبول نہیں۔
