وزیرآباد(نامہ نگار) معروف روحانی و سماجی شخصیت و سابق سیکرٹری مئیر ڈاکٹر ذولفقار علی نورانی اور سابق وائس چیئرمین ڈاکٹر ندیم سیف نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اس منصوبے پر بھاری سرمایہ خرچ کرنے کے بجائے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الیکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور آئے روز پیش آنے والے حادثات کے باعث متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں،حکومت کو سب سے پہلے سڑکوں کی حفاظت، ٹریفک کے نظام کی بہتری، پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ راستوں اور حادثات کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجوزہ میٹرو بس منصوبے کے معاشی، فنی اور سماجی پہلوؤں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ کم لاگت میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے حکومتِ پنجاب سے اپیل کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کا تعین عوامی ضرورت، ٹریفک کی صورتحال اور مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے تاکہ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
