وزیرآباد(نامہ نگار)نہروں اور دریاؤں میں نہانے والے بچوں کی حفاظت کیلئے انتظامیہ متحرک، شہریوں کا اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کو خراج تحسین۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق انسانی جانوں کے تحفظ اور بالخصوص بچوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ نے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کی ہدایات پر نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے والے بچوں کی نگرانی اور انہیں خطرناک مقامات سے ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز نہر میں نہاتے ہوئے بچوں کو انتظامیہ نے حفاظتی تحویل میں لے کر ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔ انتظامی حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد بچوں یا ان کے والدین کو سزا دینا نہیں بلکہ کسی ممکنہ افسوسناک سانحے کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔شہری حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما میں بچوں کا نہروں اور دریاؤں کا رخ کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ تیز بہاؤ، گہرے پانی اور اچانک پیش آنے والی صورتحال کے باعث معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں دریاؤں، نہروں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر جانے یا نہانے سے سختی سے روکیں۔ والدین کی چند لمحوں کی توجہ اور ذمہ دارانہ نگرانی کسی قیمتی جان کو بچا سکتی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے حفاظتی کارروائیاں مسلسل جاری رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔
