گجرات(رپورٹ یاسر گجر جلالپور جٹاں UG )
گجرات: یونیورسٹی آف گجرات میں پی ایچ ڈی کے فائنل ڈیفنس (مقالے کے دفاع) کی ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پنجاب ایمرجنسی سروسز کے ایڈمنسٹریٹر سید کمال عابد نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیاب دفاع کیا۔ انہوں نے یہ تحقیق پروفیسر ڈاکٹر محمد انوار الحق، شعبہ مینجمنٹ سائنسز، کی زیرِ نگرانی مکمل کی۔ ان کا تحقیقی مقالہ “قدرتی آفات کے دوران رضاکارانہ خدمات کے مؤثر استعمال” سے متعلق تھا۔
دفاعی سیشن کے دوران سید کمال عابد نے اپنے تحقیقی کام کے مختلف پہلوؤں پر جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے ممتحنین کی جانب سے کیے گئے علمی، تحقیقی اور عملی نوعیت کے سوالات کے مدلل جوابات دیے، جس پر پینل نے ان کی علمی استعداد، تحقیقی مہارت اور مقالے کے معیار کو سراہا۔ ممتحنین نے اس تحقیق کو قدرتی آفات سے نمٹنے، رضاکارانہ خدمات کے مؤثر انتظام اور قومی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
دفاع کے اختتام پر ممتحنین کے پینل نے متفقہ طور پر سید کمال عابد کے تحقیقی مقالے کو منظور کرتے ہوئے انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کرنے کی سفارش کی۔
تقریب کے اختتام پر شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد مرزا نے سید کمال عابد اور ان کے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد انوار الحق کو اس اہم علمی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تحقیق کے نتائج کو عملی طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ بھی موجود تھے۔
