رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ماڈل بازار رحیم یار خان کا دورہ کرتے ہوئے بازار میں فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی، خوبصورتی، تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے ماڈل بازار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، دکانداروں اور خریداروں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی، سیکیورٹی اور مجموعی انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے شہریوں کی آراء اور تجاویز بھی سنیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ ماڈل بازار کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر صفائی، سبزہ زاروں کی دیکھ بھال، لائٹنگ اور دیگر تزئین و آرائش کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار عوام کو معیاری اور بہتر خریداری کی سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں، لہٰذا ان کی مناسب دیکھ بھال، صفائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور ضمن میں انتظامیہ، تاجر برادری پر مشتمل منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازار میں بنیادی سہولیات کی مسلسل فراہمی، صفائی کے اعلیٰ معیار اور مناسب انتظامی امور کو یقینی بنایا جائے تاکہ خریداروں اور دکانداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے دکانداروں کو کہا کہ وہ صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، اشیائے ضروریہ کی معیاری فراہمی اور خوش اخلاقی سے صارفین کے ساتھ پیش آنے کو یقینی بنائیں، جبکہ متعلقہ عملہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی، مرمت اور دیکھ بھال کے امور کی مؤثر نگرانی کرے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر، صاف ستھرا اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی اور عوامی خدمت کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
