ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے تاریخی لاجپت رائے لائبریری میں شاندار جہلم لٹریری فیسٹیول 2026 کا انعقاد

Spread the love


جہلم (بلال رضا) ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے تاریخی لاجپت رائے لائبریری میں شاندار جہلم لٹریری فیسٹیول 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، شعراء، ادباء، دانشور، اساتذہ، طلبہ، اہلِ قلم، ادبی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا مقصد ادب، ثقافت، مطالعے اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ جہلم کی ادبی شناخت کو مزید اجاگر کرنا تھا۔

فیسٹیول کے دوران مشاعرے، ادبی نشستیں، فکری مکالمے، تخلیقی مباحث اور دیگر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ شعراء اور ادباء نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جبکہ مقررین نے ادب، تحقیق، مطالعہ اور مثبت فکری رجحانات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے نوجوان نسل میں کتاب دوستی، تخلیقی اظہار اور علمی شعور کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے اس شاندار ادبی فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں علم، ادب، برداشت اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کتابوں، تحقیق اور تخلیقی سرگرمیوں سے جوڑنا روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ ادبی میلوں کے ذریعے نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔

فیسٹیول کے اختتام پر مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے فیسٹیول میں شریک شعراء، ادباء، دانشوروں، اساتذہ، طلبہ، اہلِ قلم، ادبی شخصیات اور منتظمین میں ان کی نمایاں خدمات اور فعال شرکت کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ جہلم کی اس ادبی کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے علمی، ادبی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں