ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جہلم سنیہ صافی کی سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے روانگی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

Spread the love

جہلم (بلال رضا) ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جہلم سنیہ صافی کی سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے روانگی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان عائشہ شفقت، سابق اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ محمد عبداللہ راجہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان اور دفتری عملے نے شرکت کی۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور دیگر مقررین نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کی پیشہ ورانہ خدمات، اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران محنت، دیانت داری اور خوش اسلوبی سے فرائض انجام دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کیا اور اپنے حسنِ اخلاق اور بہترین طرزِ عمل سے ساتھی افسران اور عملے کے دلوں میں احترام پیدا کیا۔

شرکاء نے سنیہ صافی کے اعزاز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل، کامیاب پیشہ ورانہ سفر اور سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کورس کی تکمیل کے بعد وہ مزید تجربے، بصیرت اور انتظامی مہارت کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گی۔ تقریب کا ماحول محبت، احترام اور نیک خواہشات سے بھرپور رہا، جہاں افسران اور عملے نے ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے سربراہان اور تقریب کے شرکاء نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کو یادگاری شیلڈز، تحائف اور گلدستے پیش کیے۔ سنیہ صافی نے اس پرخلوص عزت افزائی پر تمام افسران، ساتھیوں اور دفتری عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جہلم میں خدمات انجام دینا ان کے لیے ایک یادگار اور قابلِ فخر تجربہ رہا، جسے وہ ہمیشہ قدر و محبت کے ساتھ یاد رکھیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں