القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان، اسلام پورہ، جہلم کے بچوں کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں پروقار تقریب کا انعقاد،

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) تفصیلات کے مطابق پاکستان نیشنل اسپیشل اولمپکس میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان، اسلام پورہ، جہلم کے بچوں کے اعزاز میں آج ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم تھے، جنہوں نے قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے تمام بچوں کو میڈلز پہنائے، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بعد ازاں بچوں کے ساتھ کیک کاٹ کر ان کی کامیابی کا جشن منایا۔اس موقع پر بچوں کی بہترین تربیت اور رہنمائی پر چیف ٹرینر جناب ملک عرفان صاحب، ٹرینر محترمہ عائشہ غفور اور ٹرینر جناب فیضان کو خصوصی Appreciation Awards سے نوازا گیا۔تقریب میں القاسم انسٹیٹیوٹ کی پرنسپل محترمہ حنا ثاقب، ادارے کے صدر آصف ملک، ایڈمنسٹریٹر جناب شکیل انصاری چوہدری تاثیر کوارڈینیٹر اسپیشل ایجوکیشن ڈسٹرکٹ جہلم سمیت ادارے کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محترمہ علیزہ ریحان صاحبہ، ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سعید احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محترمہ یسریٰ سوشل ویلفیئر سمیت دیگر معزز سرکاری افسران نے بھی شرکت کی اور بچوں کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے، اساتذہ، ٹرینرز اور والدین کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اسپیشل بچوں کی حوصلہ افزائی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ادارے کے صدر آصف ملک نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل بچوں کی اس قدر عزت افزائی اور حوصلہ افزائی نہ صرف بچوں بلکہ ان کے والدین، اساتذہ اور ٹرینرز کے لیے بھی باعثِ فخر اور باعثِ حوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز القاسم انسٹیٹیوٹ کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے اور ادارہ مستقبل میں بھی اسپیشل بچوں کی تعلیم، تربیت اور کھیلوں میں کامیابی کے لیے اپنی خدمات مزید جذبے سے جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں